ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو پاکستان کا خوف ستانے لگا

گرین شرٹس ٹاپ فیورٹ میں ہیں، مقابلے مسابقت سے بھرپور ہوں گے، مورگن
،فوٹو:فائل

گرین شرٹس ٹاپ فیورٹ میں ہیں، مقابلے مسابقت سے بھرپور ہوں گے، مورگن
،فوٹو:فائل

 لندن:  انگلینڈ کو ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کا خوف ستانے لگا، کپتان ایون مورگن کہتے ہیں کہ گرین شرٹس کے ساتھ ہمیں انتہائی مسابقتی کرکٹ کھیلنے کو ملے گی، وہ میگا ایونٹ کیلیے ٹاپ فیورٹ سائیڈز میں سے ایک ہیں، چیمپئنز ٹرافی میں بھی پاکستان ٹیم نے انتہائی شاندار کھیل پیش کیا تھا۔

انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن نے پاکستان کو 30 مئی سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کیلیے انتہائی مضبوط امیدوار قرار دیا ہے۔ اگرچہ گرین شرٹس کو حال ہی میں متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے ہاتھوں وائٹ واش کا منہ دیکھنا پڑا جس کی وجہ سے آنے والے میگا ایونٹ کے حوالے سے کچھ ابہام بھی ظاہر کیے گئے تاہم ایون مورگن سمجھتے ہیں کہ بدستور پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کیلیے دوسری یا تیسری فیورٹ ٹیم ہے۔ اس وقت انگلینڈ عالمی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر فائز ہے، اسے شوپیس ایونٹ کیلیے ہاٹ فیورٹ قرار دیا جارہا ہے تاہم ورلڈ کپ سے قبل میزبان سائیڈ کی آزمائش پاکستان کے خلاف 5 کو شیڈول واحد ٹوئنٹی 20 میچ اور اس کے فوری بعدکھیلی جانے والی 5 ون ڈے میچز کی باہمی سیریز میں ہوگی۔ دونوں ہی ٹیمیں اس سیریز کی بدولت ورلڈ کپ کیلیے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گی۔

مورگن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سیریز سے موسم گرما کے طویل سیزن کا آغاز ہمارے لیے بھی خوش آئند ہے، ہمیں گرین شرٹس سے مقابلوں کی صورت میں حقیقت میں ایک بہت اچھی اور مسابقتی کرکٹ کھیلنے کو ملے گی، پاکستان ورلڈ کپ کیلیے دوسری یا تیسری فیورٹ ٹیم ہے، اس وقت  چیمپئنز ٹرافی بھی ان کے ہی پاس ہے، انھوں نے انگلینڈ میں یہ ٹرافی جیتنے کیلیے بہت ہی عمدہ کارکردگی پیش کی تھی، اس لیے ہم ان کے خلاف سیریز کے منتظر ہیں۔ یاد رہے کہ 2015 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہونے کے بعد انگلش ٹیم کی سفید بال کی کرکٹ میں کافی بہتری آئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں